پولیو سے محفوظ پاکستان ہماری منزل ہے؛صوبائی وزیر صوبائی وزیر شوکت علی

18

بہاولنگر، 23 اکتوبر  ( اے پی پی ) :صوبائی وزیر زکوۃوعشر میاں شوکت علی نے کہا ہے کہ پولیو سے محفوظ پاکستان ہماری منزل ہے اور حکومت عوام کے تعاون سے انشااللہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سی ای او ہیلتھ آفس کے ہال  میں پولیو آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے  کہا کہ والدین کی سب سے قیمتی متاع اولاد ہوتی ہے، والدین اپنے  بچوں کو پولیو کی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لئے پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔انہوں   نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کاوش کررہی ہے. والدین اور معاشرہ کے تمام افراد اپنا کردار ادا کریں۔

سیمینار سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کےآفیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت پرعزم ہے کہ پولیو کے خلاف محنت کو رائیگاں ہونے سے بچایا جائے اور ایک  بچہ بھی حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہے۔

 بعد ازاں انسداد پولیو کے حوالہ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے. اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولنگر کی جانب سے خصوصی مہم ” کورونا ویکسین سہولت ہر دہلیز تک” کے بارے بریف کیا گیا۔

اس موقع پر  این جی اوز کے نمائندگان، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن، ڈبلیو ایچ او،یونیسف اور میڈیا کے نمائندگان،   محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے  افسران اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔