اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی تقرری جلد ہوگی، سول اور عسکری قیادت ایک ہی پیج پر ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملہ سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم کے خوشگوار اور قریبی تعلقات ہیں، تمام نکتہ نظر پر ہم مل بیٹھ کر بات کرتے ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے معاملہ پر بھی صورتحال یہی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی سول و عسکری قیادت کے اتنے اچھے تعلقات نہیں رہے جتنے آج ہیں، اس کا کریڈٹ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوریت اور سول حکومت کو ادارہ جاتی سپورٹ دی، آج پاکستان کے عوام کو فوج کی عزت اور وقار عزیز ہے۔











