لاہور، 08 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارے 3 برس ہر لحاظ سے سابق حکومتوں سے بہتر ہیں، ارکان اسمبلی،پارٹی عہدیداران اورکارکن ہمارے سفیر اورہماری طاقت ہیں، پنجاب میں 3 برس کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورملک محمد عامر ڈوگر کی قیادت میں ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اورترقی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں میں ڈویلپمنٹ کیلئے تجاویز پیش کیں جس پر وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کی قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری حکومت پرکرپشن کا کوئی داغ نہیں، ہم نے بڑے چیلنجز پر عزم اورحوصلے کے ساتھ قابو پایا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے تمام تر انتظامی اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے آگاہ کیا کہ ہر ضلع میں غربت،آبادی اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے، ہم دعوے نہیں بلکہ کام کر تے ہیں، کھوکھلے نعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔











