فیصل آباد ،1نومبر (اے پی پی):نئے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کو حقیقی معنوں میں عوام دوست ادارہ بنا دیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت مقررہ مدت کی بجائے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے گا۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک بھر پور آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دو ہفتے قبل ہی انہیں کراچی سے پیغام ملا کہ 130ٹریکٹروں کی کھیپ کو ڈیوٹی ادا کرنے کے باوجود روک لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بذات خود کراچی کے چیف کمشنر سے بات کی اور اس معاملے کو صرف چار گھنٹوں میں حل کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس محتسب کا ادارہ اپنی موبائل ایپ بھی متعارف کرا رہا ہے جبکہ وزیر اعظم پورٹل کی طرح ایف ٹی او کا پورٹل بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
نئے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے بتایا کہ سڑکوں پر مال کو روکنے کے سلسلے کو وہ خود ختم کرائیں گے اور اس سلسلہ میں بہت جلد واضح ہدایات جاری کی جار ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد لوگوں کو سہولت، سہولت اور صرف سہولت مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ایف ٹی او کے ڈیسک بھی قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگوں کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان کی وجہ سے ہیں، پاکستان نے ہمیں عزت دی ہے اور ہمیں فرض سمجھ کے وطن عزیز کا قرض چکانا ہے۔
ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے ٹیکس دہندگان کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کا وکیل بن کے ان کے مسائل حل کریں گے اور اگر اس سلسلہ میں انہیں چیئرمین ایف بی آر یا ممبر کسٹم کے پاس بھی جانا پڑا تو وہ اس کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان سے کہا کہ وہ ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کیلئے اپنی تجاویز دیں وہ ان پر عمل کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سوزوکی موٹرز نے بکنگ کے وقت 17فیصد سیل ٹیکس وصول کیا مگر ڈلیوری کے وقت یہ 12فیصد ہو گیا تھا۔ انہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر حکم دیا کہ زائد سیل ٹیکس واپس کیا جائے اور اس سلسلہ میں چیئرمین ایف بی آر کو بھی لکھ دیا گیا ہے۔
چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سید محمود حسین جعفری نے بتایا کہ پچھلے سال فیصل آباد میں 40ارب روپے کے ری فنڈ دیئے گئے۔
اس سے قبل فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ نے بتایاکہ ٹیکس نیٹ کا دائرہ بڑھانے کی بجائے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں کمی آرہی ہے جس کا تمام تر بوجھ موجودہ ٹیکس دہندگان پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد اس خطے کا نیا بزنس مرکز بننے جا رہا ہے جبکہ ایم تھری اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بڑے پیمانے پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے نیز حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ ان کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈمک نے یہ آپریشن شروع بھی کر دیا ہے جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ان صنعتی علاقوں کی مکمل مارکیٹنگ کر رہا ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے گزشتہ ہفتے کے دورے کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے فیسیلی ٹیشن ڈیسک کا افتتاح بھی کیاجبکہ ہم تاجروں اور حکومتی اداروں کے درمیان پل سے بھی بڑھ کے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے ٹیکس کلچر کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ لارج ٹیکس پیئر یونٹ کو ملتان منتقل کر دیا گیا ہے جس سے مقامی ٹیکس دہندگان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسیوں کے سلسلہ میں ہماری تجاویز طلب کی جاتی ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر نظام کی پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ ٹیکس نیٹ میں آنے سے بچتے ہیں لہٰذا ان کیلئے سادہ ترین ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کرایا جائے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارہ کے مقامی ایڈوائزر توقیر اکبر نے اپنے ادارے اور نئے ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کا تعارف کرایا اور بتایا کہ ان کا مقصد ٹیکس دہندگان کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے گڈ گورننس کے حوالے سے قانون کے غلط استعمال کی بھی نشاندہی کی جس سے حکومتی محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اس طرح زرعی انکم ٹیکس کے اخفا کی روک تھام میں بھی مدد ملی۔ انہوں نے محتسب کی سماجی خدمات کا بھی خاص طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ وہ غریب پرور انسان ہیں جو2005کے زلزلے، تھرکی قحط سالی اور بیماروں کی تکالیف کے ازالہ کیلئے 30سال سے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سوال و جواب کی طویل نشست ہوئی جس میں خواجہ شاہد رزاق سکا، شیخ اشفاق احمد، حاجی گلزار احمد، چوہدری طلعت محمود، محمد اسلم بھلی، شیخ محمد فاضل، ثنا اللہ نیازی، محمد انور بھٹی، میاں آصف اسلم، ریاض الحق، محمد بشیر ملک ایڈووکیٹ، نصیر یوسف وہرہ،ایوب اسلم منج، رانا عبدالغفور، رانا وقار، رانا ابرار احمد، سید مظہر حسین رضوی، میاں عبدالوحید، مرزا محمد اسلم، میاں ظفر اقبال اور خادم حسین مان نے حصہ لیا۔
آخر میں شیخ محمد اشفاق نے صدر عاطف منیر شیخ کے ہمراہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی خصوصی شیلڈ پیش کی۔ بعد میں ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے صدر عاطف منیر شیخ، سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ،نائب صدر رانا فیاض احمد، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سید محمود حسین جعفری اور کلکٹر کسٹم سعدیہ منیب سمیت دیگر مہمانوں میں اپنی نئی کتاب پیش کی۔











