آئی سی جے “نظر ثانی وغورِ مکر بل” نے توہین عدالت اور عالمی پابندیوں جیسے بھارتی ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے ، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم کی  پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس

20

اسلام آباد۔19نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے معاملہ پر قانون سازی کرکے بھارت کے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے، حالیہ قانون سازی کے بعد جدید طریقہ سے ٹیکنالوجی پر مبنی مردم شماری ہوگی، الیکشن کمیشن قانون سازی کے بعد ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کرانے کا پابند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا کیس ہمیں ورثہ میں ملا ہے، کلبھوشن یادیو کے لیے بنایا گیا قانون ایک فرد کے لیے نہیں ہے، اس معاملہ پر بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا، بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کو بری کرنے کی اپیل کی تھی، پاکستان عالمی عدالت انصاف میں یہ کیس جیت چکا ہے، عالمی عدالت انصاف نے کہا اس معاملہ پر قانون سازی کی جائے جس کے تناظر میں یہ قانون سازی کی گئی،  کسی نے کہا امریکا  بھی عالمی عدالت انصاف کو نہیں مانتا، امریکا  الگ ملک ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ ہم نے اس قانون سازی کے ذریعے بھارت کے ہاتھ کاٹ دیئے ہیں، تنقید کرنے والوں کو ادراک نہیں ہے، اگر ہم قانون نہ بناتے تو بھارت پاکستان کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں توہین عدالت کا مقدمہ دائر کر دیتا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے خلاف پابندیاں لگانے کی کوشش کرتا، ہم نے قانون سازی کرکے ان کے یہ مذموم مقاصد ناکام بنا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سکیورٹی ریڈ لائنز کا خیال رکھنا چاہیے، وہ غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔