بہاولنگر،18 نومبر (اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر نے ضلع بہاولنگر کا ایک روزہ دورہ کیا،عبدالرزاق شہید پولیس لائنز پہنچنے پر ڈی پی او محمد ظفر بزدار، ایس پی محمد فاروق انور و ایس ڈی پی اوز نے استقبال کیا اور چاک و چوبند دستہ نے جنرل سلامی پیش کی۔ آر پی او نے یاد گارشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، اور فاتحہ کہئ ۔
آر پی او نے عبدالرزاق شہید لائنز میں پولیس دربار سے خطاب میں کہا کہ ہم سپاہی سے لیکر آر پی او تک ایک کنبہ ہیں اور میں آپکا بڑا اور سرپرست ہوں ، کوئی بھی مسلہ ذاتی یا سرکاری مجھے بلاجھجک بتائیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی جرائم کی بیخ کنی اور عوام سے حسن سلوک ہوگی، پولیس افسران و اہلکاران کی ویلفیئر کا خاص خیال رکھا جائگا ۔
بعد ازاں ڈی پی او دفتر میں میٹنگ کی کہ جس میں ضلع کے لاء اینڈ آرڈر، محل و وقوع، کرائم و دیگر اہم امور پر ڈی پی او بہاولنگر نے آر پی او شیر اکبر کو بریف کیا۔ اس میٹنگ میں ضلع بہاولنگر کے تمام ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
آر پی او نے دورہ کا اختتام کرتے ہوے افسران سے کہا کہ آپ سب اس ملک و قوم کے امن کے پاسباں ہیں۔ ہمت، جراءت اور جذبہ ایمانی کا دامن ہاتھ سے کبھی نہ چھوڑئیے گا۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔











