سعودی عرب کے شہر جدہ میں “روس ۔ اسلامی دنیا، مکالمہ اور تعاون کے امکانات” کے عنوان سے دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا

48

جدہ ، 24 نومبر ( اےپی پی): سعودی عرب کے شہر جدہ میں “روس – اسلامی دنیا: مکالمہ اور تعاون کے امکانات” کے عنوان سے دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہو گیا ہے۔ تزویراتی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں  روس اور اسلامی ممالک کے حکام، مفکرین اور مذہبی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ اجلاس کا انعقاد گروپ آف سٹریٹجک وژن  یعنی (GSV) کررہا ہے۔  دو روزہ اجلاس کا انعقاد مذاہب اور ثقافتی مکالمے کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے خصوصی اقدامات میں سے ایک ہے جس کا مقصد روس اور اسلامی ممالک کے درمیان مذہبی،ثقافتی اور بین الاقوامی مسائل پر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

اجلاس کے اہم مقررین میں تاترستان کے صدر رُستم منیِ خانوف،سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم آل خریجی،او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براھیم، مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل فلاح مبارک اور روسی کونسل برائے سائنس و تعلیم کے چیئرمین الیاس اُماخانوف شامل ہیں۔

 اجلاس  مُختلف مکالموں کے دوران روس اور اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات اور بین الاقوامی استحکام کو لاحق خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی ترقی کے نئے ماڈلز کی تشکیل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔  اجلاس کے دوران دہشت گردی کے رجحان، بین الاقوامی امن و سلامتی، تنازعات کے پرامن حل میں بین الاقوامی تنظیموں کا کردار، کووڈ-19 کے بعد کی دنیا میں امن کو فروغ دینے اور تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی جائیگی۔