سیالکوٹ، 15 نومبر(اے پی پی): گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج و معالجہ کی سہولیات بہتر بنا دی گئی ہیں اورڈینگی کے مریضوں کے لیے پلیٹ لیٹس کی فراہمی کے لیے ائیر فریزز مشین فراہم کر دی گئی ہے جس کی باقاعدہ افتتاحی تقریب گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں منعقد کی گئی ۔ تقریب سے ڈائریکٹر آئی بی ٹی ایس ڈاکٹر شاہد محمود ، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹرساجد محمود ، بی ڈی ٹی او ڈاکٹر شکیل احمد نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ بالخصوص گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ بالخصوص ڈینگی کے مریضوں کے علاج و معالجہ کے لیے خصوصی اقدامات جن میں پلیٹ لیٹس کی تیاری گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے باقاعدہ مشین اور ٹیسٹ کٹس ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی بی ٹی ایس ڈاکٹر شاہد محمود نے بتایا کہ ایک کٹ کی قیمت مبلغ 20ہزار روپے ہے جو صرف ایک مریض کے لیے استعمال ہو سکتی ہے ۔حکومت مریضوں کے علاج و معالجہ کے لیے باہم وسائل فراہم کر رہی ہے ۔بلڈ یونٹ کے عملہ کو مشین کے استعمال کے لیے باقاعدہ ٹریننگ بھی دی گئی ہے ۔ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر ساجد محمود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ مریضوں کے علاج ومعالجہ کے لیے بہت بہترین اقدامات کر رہی ہے اور مزید بہتری کے لیے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر بی ڈی ٹی او ڈاکٹر شکیل احمدنے ہسپتال ڈائریکٹر ، ڈائریکٹر آئی بی ٹی ایس ڈاکٹر شاہد محمود اور تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی کے لیے بہترین خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہے ۔











