اسلام آباد،06نومبر(اے پی پی):وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے نجی کمپنی کی مدد سے اسلام آباد میں پہلے پلاسٹک روڈ منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔ فاطمہ جناح پارک ایف نائن اسلام آباد میں ایک کلو میٹر پلاسٹک روڈ کی تعمیر کا آغاز اپنی طرز کا ایک منفرد تجرباتی نوعیت کا حامل منصوبہ ہے ۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ شہر سے روزانہ کی بنیاد پر اٹھانے والے کچرے کو ری سائیکل کرکے استعمال کیا جائے گا،بہتر نتائج پر دیگر سڑکیں بھی پلاسٹک سے بنائی جائیں گی۔
حال ہی میں مشروبات کی مشہور کمپنی کوکا کولا نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی ے) کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں استعمال شدہ بوتلوں سے ‘پلاسٹک روڈ’بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اےعامر علی احمد نے اس منصوبے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں ٹرائل شروع کیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ اس میٹریل سے سڑک کی تعمیر کتنی پائیدار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا تجربہ ابھی تک پاکستان میں نہیں ہوا۔ اگر ایف نائن پارک کا ٹرائل کامیاب ہو گیا تو مشروبات کی کمپنی اسلام آباد میں ایک کلومیٹر سڑک کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلیٹی (سی ایس آر) کے تحت مفت بنا کر دے گی۔
عامر علی احمد کے مطابق اس کے بعد سوک اتھارٹی خود بھی اپنے مستقبل کے منصوبہ جات میں استعمال شدہ پلاسٹ سے سڑک بنانے پر غور کرے گی کیونکہ اس سے ماحول کو دیگر میٹریل کی نسبت کم نقصان پہنچتا ہے۔











