اسلام آباد،26نومبر (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ دنیا میں مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ، حکومت کوشاں ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی لہر کا عوام پر کم سے کم اثر ہو، پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں اور دیگر مافیاز کے خلاف کارروائیاں سب کے سامنے ہیں ، سندھ حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہےاورعوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ حکومت مافیاز کے توسط سے عوام کا استحصال کر رہی ہے، پنجاب میں20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 جبکہ سندھ میں 1500 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے،اربوں روپے کی گندم چوری کی گئی اور سندھ حکومت نے معاملہ چوہوں پر ڈال دیا ۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سابقہ دور میں مریم صفدراپنی سیاہ کاریاں چھپانے کیلئے میڈیا سیل کنٹرول کرتی رہی ہیں تحریک انصاف کی حکومت میں میڈیا کو آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہم پہ بھی تنقید کر تا ہے لیکن کبھی اشتہارات بند نہیں کئے۔