عورتوں کے خلاف تشدد ایک سنجیدہ مسئلہ ہے؛ گورنر سندھ عمران اسماعیل

71

کراچی،25نومبر  (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عورتوں کے خلاف تشدد ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہم نے ایسی بہنوں اور بیٹیوں کے پاس دادرسی کے لئے خود جانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں میڈیا فیلو شپ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وومین کی جانب سے کیا گیا تھا۔ گورنر سندھ نے   کہا کہ چند روز قبل لیلی پروین کے اوپر کراچی کی ایک کورٹ میں تشدد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عدالت کی حدود میں خاتون کے ساتھ ایسے واقعہ کا ہونا انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عدالتوں میں آنے والے شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

 گورنر سندھ نے کہا کہ ایسی خواتین جو جیلوں میں اپنی سزائیں مکمل کر چکی ہیں اور صرف جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے جیل میں قید ہیں ان کی رہائی کے لئے انتظامات کر رہے ہیں۔ انہوں  نے آئی جیل خانہ جات کو ہدایت کی کہ نیلوفر بختیار سے رابطے میں رہتے ہوئے ایک لسٹ تیار کریں تاکہ جرمانے کی ادائیگی کے بعد ان قیدی خواتین کی رہائی ممکن ہو سکے۔

 چئیر پرسن نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف وومین نیلوفر بختیار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے 35 صحافیوں کو تربیت دی جائے گی جو خواتین کے حقوق پر کام کا تجزیہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن 25 نومبر ”خواتین پر تشدد کا عالمی دن”کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ جیل میں خواتین قیدیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کی بنائی ہوئی پینٹنگز بھی نمائش میں رکھی گئی ہیں۔