لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): انسداد سموگ آگاہی کے سلسلے میں سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان اور ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے انسداد سموگ ریلی کی قیادت کی۔سائیکل ریلی کا مقصد گاڑیوں کے بے جا استعمال کو روکنے کیلئے شہریوں کا تعاون حاصل کرنا ہے
کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے سائیکل ریلی کے موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر ایک ماہ کیلئے سڑکوں پر چلتی گاڑیوں کی تعداد کو نصف کرنا ہے تاکہ سموگ میں کمی لائے جاسکے اور اس حوالے سے زیرو کاربن پلیج کیلئے شہریوں کے تعاون سے انسداد سموگ کے مختلف طریقہ کار بھی وضع کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے دھویں کا سموگ پھیلاؤ میں سب سے بڑا حصہ ہے،حکومت پنجاب نے انسداد سموگ کیلئےمختلف پابندیوں کا نفاذبھی کردیا ہے۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ عمارتی ملبے کے گرد حصار ضروری ہے،پانی نہ چھڑکنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ گرین کوڑا فصلوں کو جلانے اور صنعتی یونٹس کے حوالے سے سخت کارروائیاں جاری ہیں اور پانچ خصوصی انسداد سموگ سکواڈز پورے شہر میں کریک ڈاؤن کر رہے ہیں۔
انسداد سموگ آگاہی ریلی میں خواتین ،بچوں اور سول سوسائٹی کے سایئکلسٹ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔