محکمہ زراعت جعلی ادویات و کھادوں کے خاتمے کےلئے سخت اقدامات اٹھارہے؛ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل

47

جلالپورپیروالا،19 نومبر  (اے پی پی ): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ  گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، جدید زراعت وقت کی ضرورت ہے، کسانوں کو بیج ،زرعی آلات و مشینری پر سبسڈی دیں گے، محکمہ زراعت جعلی ادویات و کھادوں کے خاتمے کےلئے سخت اقدامات اٹھارہے، وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پانچ ارب گیارہ کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے جمعہ  کو   یہاں  کسان کنونشن سے   خطاب  میں کیا۔سیمینار میں شریک کارکنوں نے اپنے مسائل بیان کیے جبکہ کنونشن سے خطاب کے دوران سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل کا کہنا تھا کہ جدید زراعت وقت کا تقاضا ہے جس کےلیے اقدامات اٹھارہے ہیں ،محکمہ زراعت کی طرف سے زرعی زہروں کی فامولیشن ،پیکنگ ،ڈسٹری بیوشن اور سٹوریج سے متعلق جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے والے ہی اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں ،کھادوں کی سرکاری ریٹس پر فراہمی یقینی بنائے جائے گی کاشتکاروکے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پانچ ارب گیارہ کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے۔

 کسانوں کے تحفظات کے جواب میں اسسٹنٹ کمشنرجلالپورپیروالا طارق محمود کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر کھاد کو بلیک کرنے والوں سے نمٹا جارہا ہے ،کھاد کی اوپن مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

کسان کنونشن برائے گندم میں محکمہ زراعت کے آفیسران سمیت اسسٹنٹ کمشنر جلالپورپیروالا طارق محمود ،پاکستان تحریک انصاف کے راہنما ملک محمد اکرم   سمیت کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔