وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی ملاقات

25

اسلام آباد،06نومبر(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی قیادت میں نو منتخب عہدیداران نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قومی معاملات اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے وکلاءبرادری رہنمائی کرے، بار ایسوسیشن ایشن سیاسی جماعتوں کو بڑی اصلاحات پر قریب لانے میں کردار ادا کر سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات، نیب آرڈیننس سمیت دیگر اہم قانون سازی میں وکلاء اور بار ایسوسی ایشن کے کردار کا خیر مقدم کریں گے، نیب آرڈیننس کو چیلنج کرنے کی بجائے حکومت کو اصلاحات تجویز کریں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان وکلاءپل کا کردار ادا کرتے ہیں، اس کردار کو قومی معاملات میں بھی اپنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لئے وکلاءبرادری کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہئے۔

وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنوں کو عدلیہ میں زیر التواءمقدمات جلد نمٹانے کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔انصاف کے بغیر ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں، ہم وکلاءبرادری کو درپیش مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وکلاءبرادری کی فلاح بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے کہا کہ عدلیہ کی بقاءکے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وکلاءبرادری نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، انشاءاللہ اس پر پورا اتریں گے، اہم عدالت اصلاحات کی ضرورت ہے حکومت اور اپوزیشن سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر بڑی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں۔

ملاقات کرنے والے وفد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد احسن بھون، نائب صدر (پنجاب) خاور اکرام بھٹی، سیکریٹری وسیم ممتاز ملک، چوہدری ریاست علی گوندل ایڈیشنل سیکریٹری، نائب صدر (سندھ) عزیز احمد خان، اراکن ایگزیکٹو کمیٹی (سندھ) جان علی جونیجو، ذوالفقار حیدر شاہ، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی (پنجاب) رانا اختر علی، چوہدری طارق جاوید شامل تھے۔