اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت شفقت محمود کہا ہے کہ پاکستان اور شام سائنس وثقافت سمیت مختلف شعبوں تعلقات کے استحکام کے ساتھ مزید آگے بڑھیں گے۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں شام کے وزیر تعلیم ڈاکٹر داریم طبہ سے ون آن ون ملاقات اور بعد ازاں وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران کیا۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں شامی وفد کو وزارت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اس موقع پر دونوں ممالک نے کانفرنسز اور سیمینارز میں شرکت کے لیے فنکاروں، آرٹسٹوں، ادیبوں اور اساتذہ کے باہمی دوروں پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے فن اور ادب کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کے درمیان براہ راست رابطوں پر بھی اتفاق کیا۔ اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک میں منتخب ادب کے ترجمے میں بھی تعاون کریں گے۔ پاکستان اور شام نے تعلیم، ثقافت، سائنس، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت اور فنون سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے دو طرفہ معاہدے پر بھی دستخط کئے۔ شامی وفد میں شام کے سفیر ڈاکٹر مازن عبید، تھرڈ سیکرٹری محترمہ نیروز محمد اور اتاشی محمد معتصم شامل تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے پارلیمانی سیکرٹری تعلیم محترمہ وجیہہ قمر، سیکرٹری تعلیم ناہید درانی، ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین احمد وانی اور ڈی جی ایف ڈی ای ڈاکٹر اکرام نے شرکت کی۔











