نئی مساجد سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کے لئے تحفہ ہیں ،نواف سعید المالکی

22

اسلام آباد۔15نومبر  (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ نئی مساجد سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کے لئے تحفہ ہیں جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کو دنیا بھر میں خوبصورت مساجد تعمیر کرنے کا اعزاز حاصل ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی قیادت اور پاکستان میں سعودی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پیر کو سعودی سفارتخانے میں مانسہرہ اور مظفرآباد میں سعودی عرب کی طرف سے دو عالی شان مساجد کی تکمیل اور ان کی انتظامی حوالگی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور صوبہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے وزراء مذہبی امور نے شرکت کی۔ مانسہرہ میں جامع ملک عبدالعزیز اور مظفرآباد میں جامع ملک فہد بن عبدالعزیز کی انتظامی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ نئی مساجد سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کے لئے تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مساجد میں کئی ہزار افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ 2005ء کے زلزلے کے بعد مقامی افراد نے مخیر تنظیموں کو مساجد کی تعمیر کی درخواست کی، زلزلے کے بعد سب سے پہلے برادر ملک سعودی عرب کے ادارے مدد کو پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کو دنیا بھر میں خوبصورت مساجد تعمیر کرنے کا اعزاز حاصل ہے کیونکہ پاکستان کا سعودی عرب سے تاریخی دینی، ثقافتی اور روحانی رشتہ ہے۔ نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی سفیر، سعودی عرب کی عوام اور قیادت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔