اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی): پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی نے حکمت اور اچھے عزائم سے وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تاریخی قانون سازی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ جنسی زیادتی سے متعلق قانون میں کیمیکل کے استعمال کی شق ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین و بچوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی، مظلوم کو لیگل ایڈ مفت فراہم کی جائے گی، نیشنل سیکس اوفینڈر رجسٹر کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم فیملی لاء کی شقوں میں ترمیم کرکے اہل تشیع خواتین کے حقوق اور طلاق کے معاملات میں بہتری لائی گئی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ہم ملک کے کمزور طبقات کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے شطرنج کی بساط پر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اپوزیشن کو شکست دی ہے، ہم نے باتوں سے نہیں عمل سے ثابت کیا ہے کہ ہم حقوق کی فراہمی اور قانون سازی میں سرفہرست ہیں۔











