چنیوٹ ،13 نومبر (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں خسرہ اور روبیلہ کی قومی مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پرمحکمہ صحت چنیوٹ کی جانب سے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا ۔مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر نے کیا اوراپنی نگرانی میں بچوں کو انجکشن اور حفاظتی قطرے پلا ئےجبکہ مہم کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر سی او ہیلتھ نے بتایا کہ اس مہم میں 9ماہ تا 15سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ اور روبیلہ سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے، اس مہم کے دوران 5 لاکھ75ہزار 64 بچوں کوحفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے جس کے لیے 424ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
بعد ازاں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیاجس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کی۔آگاہی واک ڈی ایچ کیو ہسپتال سے ختم نبوت چوک تک کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے دیگر ہیلتھ افسران و ورکرز کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آگاہی واک کی۔
واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔انہوں نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ بچوں کو خسرہ اور روبیلہ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی افادیت اور اہمیت بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا بھی اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف،ڈی ایچ اوڈاکٹر شہزاد خلیل، ایم ایس ڈاکٹر محمد اعظم و دیگر ہیلتھ افسران بھی موجود تھے۔











