چنیوٹ؛ گندم کی پیداوار میں اضافہ کیلئے روڈ شو ریلی اور آگاہی سیمینارکا انعقاد

18

چنیوٹ ،14 نومبر (اے پی پی ): وزیر اعظم   کے زرعی ایمرجنسی پروگرام برائے گندم کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ضلع چنیوٹ میں بھی آگاہی مہم جاری ہے، اس حوالے   سے  زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلباء و طالبات اور محکمہ زراعت (توسیع) چنیوٹ کی باہمی کوشش سے روڈ شو ریلی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا،جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید تھے۔

 ڈپٹی کمشنر و دیگر مہمانوں نے زرعی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے ہمراہ ختم نبوت چوک سرگودھا روڈ  پر گندم کی پیداوار میں اضافہ کی آگاہی مہم کے حوالے سے لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کیے اور روڈ شو ریلی میں پلے کارڈز اور پینا فلیکسز پر گندم کی پیداوار میں اضافہ کیلئے آگاہی دی۔

سیمینار میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ہم محکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے گندم کی فصل کو کاشت کرکے مسلسل کوششوں سے اپنی پیداوار بڑھائیں تو ہم آئندہ پانچ سالوں میں   گندم ایکسپورٹ کرنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے   کہا کہ وہی ملک ترقی کریں گے جو اچھا بیج،اچھی ٹیکنالوجی لیکر آئیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر نے آگاہی مہم میں زرعی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی کسانوں کو آگاہی دینے بارے ورکنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو پازیٹیو سیکھا ہے اسی ویژن کے ساتھ ہمیشہ اپنا پازیٹیو کردار ادا کریں اور اپنے رشتہ داروں،ملنے والوں کو بھی آگاہی دیں، کسانوں کو کسان کارڈ بارے آگاہی دیں کیونکہ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے ہی کھادوں، بیج وغیرہ پر حکومت پنجاب کی جانب سے سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے   کہا کہ گزشتہ روز ہم نے بذیعہ قرعہ اندازی سبسڈی پر 70 لیزر لیورز مشینیں تقسیم کی ہیں اسکی مدد سے پانی کا ضیاع نہیں ہوگا اور یہ بہت احسن اقدام ہے۔

 ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کھادوں کی فروخت کو کنٹرول ریٹ پر فروخت کرنے کیلئے چیک اینڈ بیلنس جاری رکھے ہوئے ہے، سموگ کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں میں بھاری جرمانے اور مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاتفریق کارروئیاں جاری ہیں ایسے عناصر کی نشاندہی کریں ہم انہیں معاف نہیں کریں گے۔

 آخر میں ڈپٹی کمشنر نے طلبا و طالبات و دیگر شرکاء کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ملک،اس شہر کو سرسبز شاداب بنانا ہے اس لیے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگائیں اور اسکی حفاظت کر کے اسے تن آور درخت بنائیں یہ صدقہ جاریہ ہے۔