اٹک،28 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ کہ کسی بھی قوم کے بہترین اثاثے اسکے کتب خانے ہوتے ہیں، کسی کتب خانے کو دیکھ کر ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں کی نوجوان نسل کا رحجان کس طرف ہے، کتب بینی سے ہمارے نوجوان مطالعہ جیسے مفید مشغلے کی طرف راغب ہو سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ اٹک میں منعقدہ کتاب میلے میں شرکت کے دورنا میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر و بیت المال پنجاب سید یاور عباس بخاری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں انسان کی بہترین دوست ہیں، ٹیکنالوجی کے اس دور میں کتابوں کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، ہمیں کتاب دوست ہونے کی عادت کو اپنانا چاہئے۔
سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ جیسے جیسے دور جدید کی ٹیکنالوجی ہماری زندگیوں میں شامل ہو رہی ہے کتاب کہیں دور فضا میں گم ہو کے رہ گئی ہے ترقی کرنا ہر دور کا تقاضہ رہا ہے، ایسے کتب میلے عوام میں کتاب کی رغبت پیدا کرتے ہیں اور سب سے بڑھ کر مصنفین کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور اس حوصلہ افزائی سے ان میں معاشرے کے سدھار کے لیے اچھے سے اچھا لکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کتاب میلے کا مقصد کتب بینی کو فروغ دینا اور کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا، کتاب میلے میں مقامی مصنفین کے نام سے مختلف سٹال لگائے گئے جن میں ذیادہ تر مقامی مصنفین کی ہی تصانیف رکھی گئیں۔صوبائی وزیر نے مختلف سٹالز کا دور کیا اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔
واضح رہے کہ اٹک کی 117 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیہ اٹک کے زیر اہتمام عوام میں کتاب ، ادب اور پڑھنے کے فروغ اور شعور کیلئے “کتاب میلہ ” کا انعقاد بلدیہ کے لان میں کیا گیا جہاں چیئرمین ناصر محمود شیخ ، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان ، چیف آفیسر عظمت فرید وڑائچ اور کتاب میلہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی نگرانی میں درجنوں سٹال لگائے گئے جہاں 150 مصنفین جنہیں دعوت دی گئی تھی کی تعداد اس سے بھی تجاوز کر گئی جن میں 90 فیصد اٹک اور 10 فیصد ملک کے دیگر علاقوں کے نامور مصنفین نے شرکت کی ” کتاب میلہ ” کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین ناصر محمود شیخ اور وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان نے کیا کتاب میلہ میں مختلف کاروباری اداروں جن میں وی ہ موبائل جس کے انچارج محمد خالد اور دیگر تھے نے بھی اپنے سٹال لگائے میلہ میں صبح سے شام تک رش لگا رہا اور شہریوں نے کتابوں کی خریداری کر کے اس نظریہ کو رد کر دیا کہ کتاب بینی کے شوقین افراد کی تعداد ختم ہوتی جا رہی ہے میلہ میں سیاسی و سماجی رہنما سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل سید عظمت علی بخاری ، فوکل پرسن پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی شیخ احسن الدین ، ممتاز ادیب محمد خالد خان ، شہید کیپٹن اسفندیار بخاری کے والد ڈاکٹر فیاض بخاری ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد ضیاء ، پروفیسر سید نصرت بخاری ، معروف صحافی تنویر اعوان ، سابق ماہر تعلیم و شاعر مشتاق عاجز ، محمد زاہد جرال ، ڈاکٹر شجاع اختر اعوان ، اقبال زرقاش ، ارشاد علی کے علاوہ مقامی شعراَ ، ادیب ، کالم نگار ، مصنفین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔