بچوں کی قبل از وقت پیدائش کا عالمی دن، نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد

77

ملتان، 04 دسمبر (اے پی پی ):  بچوں کی قبل از وقت پیدائش کے عالمی دن (ورلڈ پری میچورٹی ڈے) کے حوالے سے شعبہ امراض نسواں، شعبہ اطفال اور  یونیسیف کے اشتراک سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔

 ہفتہ کو  یہاں شعبہ اطفال نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں ہونے والے اجلاس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد تھے۔  سیمینار کا مقصد وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں میں کینگرو مدر کیئر کی اہمیت، افادیت اور طریقہ کار کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی سربراہ شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں بچوں کی قبل از وقت پیدائش اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو نوزائیدہ بچوں کی اموات کی بڑی وجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ   کنگرو مدر کیئر سے نوزائیدہ بچوں میں شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں یونیسیف کی جانب سے ڈاکٹر نورین رسول اور ڈاکٹر عائشہ حنیف نے کینگرو مدر کے حوالے آگاہی لیکچر دیا اور سیمینار کے شرکاء کو عملی تربیت دی۔

اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اس تربیتی سیشن کو نوزائیدہ بچوں میں شرح اموات کو کم کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور یونیسیف کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔

 بعد ازاں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے شعبہ امراض نسواں وارڈ 16 میں کینگرو مدر کیئر یونٹ کا افتتاح بھی کیا۔