بہاولنگر ، 25 دسمبر (اے پی پی ): بہاولنگر میں کرسمس کا تہوار بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا، ضلع بھر کے 14 گرجاگھروں میں کرسمس تقریبات کا انعقاد ہوا، چرچ آف پاکستان میں مرکزی تقریب منقعد کی گئی جس میں مسیحی برادری کے مرد و خواتین بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ظفر بزدار ، اے ڈی سی جی عبدالجبار گجر نے پاسٹر عامر عظیم کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا۔مسیحی برادری کی جانب سے اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی گئی، اس کے علاوہ اس موقع پر پاکستان میں امن خوشحالی و ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئی ۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ظفر بزدار نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے آئے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں،پاکستان اقلیتوں کےلئے پرامن اور محفوظ ملک ہے۔
اس موقع پر تقریب کے میزبان پاسٹر عامر عظیم نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، مسیحی برادری حکومت کے تعاون کی مشکور ہے۔
تقریب میں خواتین بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے ۔
سورس :وی این ایس ، بہاولنگر











