سکھر؛ایوان صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آرکی چیف کمشنر ان لینڈ روینیوسے ملاقات

17

سکھر،01دسمبر(اے پی پی ):سکھر ایوان صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر کے وفد بشمول ایوان کے سابق صدورعبد الفتح شیخ (کمیٹی کنوینر )، محمد دین ، ایوان کے سینئر نائب صدر عرفان صمد اورجاوید اختر نے چیف کمشنر ان لینڈ روینیو محمد فاروقِ اعظم میمن اور ایڈیشنل کمشنر فرحان بدر سولنگی سے ان کے آفس آر ٹی او میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران چیف کمشنر نے وفد کو آگاہ کیا کہ ستمبر سے چیف کمشنر کا چارج لینے کے بعد ٹیکس ریٹرن میں اضافہ ہوا ہے۔

چیف کمشنر نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ ٹیکس ریٹرن کے متعلق سکھر کے کاروباری طبقے سے وابستہ افراد کو معلومات نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کر پاتے۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے آن لائن ٹیکس ریٹرن فائلنگ نظام کو نہایت ہی آسان بنا دیا گیا اور اب موبائل کے ذریعے سے بھی ٹیکس ریٹرن فائل کیا جا سکتا ہے،چیف کمشنر نے مزید بتایا کہ اضافی موصول شدہ ٹیکس کو واپس کرنے کے میکانزم کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے اور ٹیکس ری بیٹ کی درخواستوں کو پورا کیا جا رہا ہے۔

ایوان کے سابق صدر عبد الفتح شیخ نے چیف کمشنر سے گذارش کی کہ وہ سکھر کے کاروباری طبقے کے حضرات کی جانب سے جمع کرائے گئے ٹیکس کے اعداد و شمار فراہم کریں جس پر چیف کمشنر نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کے اختتام میں ایوان کے وفد نے چیف کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سکھر ایوان صنعت و تجارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس کو چیف کمشنرنے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کوئی تاریخ مخصوص کر کے دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔