قائداعظم محمد علی جناح جیسا لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے؛پارلیمانی سیکرٹری پنجاب ندیم قریشی

31

ملتان،26دسمبر(اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری پنجاب ندیم قریشی نے کہا ہے کہ قائداعظم جیسا لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے

،ان کی انتھک محنت اور لگن کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس  لے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے تہوار کے موقع پر مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کی تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے قول کے مطابق کہ پاکستان میں اقلیتوں کو خاص مقام حاصل ہوگا اور ان کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے سلسلہ میں مکمل آزادی حاصل ہوگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کرسمس کا تہوار کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشی میں شامل ہوریے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر ہونے والی رنگارنگ تقریب کے منتظمین ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے اس اہم دن کے حوالے سے کھیلوں اور جمناسٹک کے مظاہرے کراکے قائداعظم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم  نے کہا کہ بانی پاکستان  قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کی خوشی اور مسیحی بھائیوں کے مذہبی تہوار کرسمس کی مناسبت سے یہ مقابلہ جات منعقد کرائے تاکہ ہماری نوجوان نسل کو قائداعظم کی شخصیت سے روشناس کرایا جاسکے۔ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے تہوار کے موقع پر مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات ہوئے اس سلسلہ میں ملتان وہیل چیرز ہینڈ بال ٹیم اور فیصل آباد وہیل چیرز ہینڈ بال ٹیم کے درمیان تین میچوں کی سیریز کھیلی گئی جس میں ملتان نے سخت مقابلے کے بعد فیصل آباد کی ٹیم کو شکست دی جبکہ کرسمس کے حوالے سے مسیحی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فٹبال کا میچ منعقد کیا گیا جس میں قائداعظم الیون نے علامہ اقبال الیون کو دو کے مقابلہ میں تین گول سے ہرادیا۔اس موقع پر وومن کا ہینڈ بال میچ بھی منعقد کیا گیا اس موقع پر ایک رنگارنگ تقریب بھی منعقد کی گئی جسمیں  جمناسٹک اور ووینام شو کا اہتمام کیا گیا جس میں شریک کھلاڑیوں نے جمناسٹک کے شاندار مظاہرے کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔تقریب کے اختتام پر مختلف مقابلہ جات میں کامیاب ہونے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے افراد اور آفیشلز میں میڈل و دیگر انفرادی انعامات تقسیم کیے گئے۔

سورس: وی این ایس،ملتان