ملتان، 30 دسمبر (اے پی پی ): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھانےکی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں، گلیوں کی کھدائی سے شہری کوفت میں مبتلا ہوتے ہیں، ان پر کام کے رفتار کو بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت کو معیار بنائیں۔
ڈاکٹر ارشاد احمد نے انصاری چوک تا ریلوے لائن نئی سیورج لائن بچھانے کا جائزہ لیا اور کہا کہ شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے سیورج سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے کہا کہ انصاری چوک سے سیورج لائن کو وہاڑی ڈسپوزل سٹیشن سے لائن لنک کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 3 کلومیٹر منصوبے پر 15 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور 5 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ منظورآباد سیورج لائن کی 1کلومیٹر سیورج لائن تبدیلی پر 2 کروڑ روپے لاگت آئے گی ، منصوبے کو 15 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
کمشنر نے واٹر ورکس روڈ پر سیورج لائن کی صفائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ شہریوں کی شکایت پر لائن کی صفائی کے بعد سلیب رکھی جائیں۔











