ملکہء کوہسار مری میں جدید ترین ریفریشمنٹ گلیمنگ پارک کا با ضابطہ افتتاح  کردیا گیا

84

مری،14دسمبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب  کے مشیر آصف محمود نےملکہء کوہسار مری میں جدید ترین ریفریشمنٹ گلیمنگ پارک کا با ضابطہ افتتاح  کردیا ہے، ٹی ڈی سی پی کا قائم کردہ دلفریب و خوبصورت پارک  پنڈی پوائنٹ چیئر لفٹ سے ملحقہ  بانسرہ گلی میں واقع ہے، یہ مری کے تفریح مقام کا منفرد پارک ہے جس میں سیاح قدرتی حسن سے مالا مال خوبصورت نظاروں سے محظوظ ہونگے، پارک کو انتہائی دیدہ زیب انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

 افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر آصف محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق مری میں سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مزید پکنک پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔  ان کا کہناتھا کہ قدرت نے مری کو حسن و جمال سے مالا مال کیا ہے یہی وجہ ہے کہ سیاح یہاں کھینچے چلے آتے ہیں۔

آصف محمود نے کہا کہ ہماری یہ اولین ذمہ داری ہے کہ مری کے ان دلکش نظاروں اور پر فضا مقامات جو قدرت کا حسیں تحفہ ہیں انکی حفاظت کریں۔ انہوں نے سیاحوں اور عوام پر زور دیا کہ مری کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔