موٹروے پر غیر رجسٹرڈ شدہ اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

106

ملتان، 14 دسمبر(اے پی پی):موٹروے پر غیر رجسٹرڈ شدہ اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تمام ٹال پلازہ جات پر گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور غیر رجسٹرڈ شدہ / بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔

ترجمان نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس کے مطابق آئی جی نیشنل ہائی ویز موٹروے پولیس انعام غنی کے ویژن کے مطابق، ڈی آئی جی/زونل کمانڈر فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر/ایس پی رانا سرفراز کی ہدایت پر ملتان سکھر موٹروے M-5 پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی غیر رجسٹرڈ شدہ اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے جس میں گاڑیوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور غیر رجسٹرڈ شدہ / بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو موٹروے سے واپس کروایا جا رہا ہے۔پابندی نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000 کی سیکشن 18 کے تحت لگائی گئی۔

ڈی ایس پی لائن ہیڈکوارٹر مسرور علی نے تمام بریفنگ آفیسران کو ہدایات دی کہ جس گاڑی کی رجسٹریشن نا ہوئی ہو یا نمبر پلیٹ نا لگی ہو اسے مکمل بریف کریں اور ہرگز موٹروے پر سفر کی اجازت نا دیں۔ ڈی ایس پی لائن ہیڈکوارٹر نے مزید بتایا کہ موٹروے یا ہائی وے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن ‘130’ یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔