“نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت اسلام آباد میں  میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا”

46

اسلام آباد،01 دسمبر(اے پی پی): صدر مملکت عارف علوی کی طرف سے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے اجرا کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات جلد ہوں گے اور نیا سیٹ اپ انتظامی اور مالی لحاظ سے انتہائی مؤثر اور طاقتور ہوگا،نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت اسلام آباد میں  میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 ایک جامع دستاویز ہے، جس میں مقامی حکومت کے اختیارات، فنڈز اور دائرہ اختیار سمیت تمام مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے اور کہا کہ‘اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021’کے تحت، مقامی حکومت کے نمائندے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی اپنی آرا دے سکیں گے۔

 معاونِ خصوصی وزیراعظم پاکستان علی نواز اعوان نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد سے ایم این اے کی تینوں نشستیں جیتیں جس کی ایک بڑی وجہ پی ٹی آئی کی طرف سے مقامی حکومتوں میں بہترین کارکردگی تھی 2018 کے انتخابات میں 3 میں سے 2 ایم این ایز مقامی حکومتوں سے سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی تشکیل میں وفا قی  وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کلیدی کردار ادا کیا،انتخابی مہم میں، ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ان کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ایک طاقتور مقامی حکومت متعارف کرائی جائے گی اور اب ہم قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بہت جلد بلدیاتی انتخابات کرانے جا رہے ہیں اس ایکٹ کے تحت میئر کا انتخاب براہ راست کیا جائے گا اور تقریباً 100 نیبر ہڈ کونسلیں ہوں گی جن میں سے ہر ایک میں 20,000 افراد شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ  اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے جن میں بیرون ملک اسلام آباد کے شہری بھی حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔میئر اسلام آباد کی کابینہ 12 رکنی ہوگی۔آرڈیننس کے مطابق میئر اسلام آباد کا انتخاب براہ راست اور 4سال کے لیے ہوگا،میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے ارکان کی تعداد 70 ہوگی جبکہ ترقیاتی کام، تعلیم، بنیادی صحت، پبلک ٹرانسپورٹ ایم سی آئی کے حوالے کیے گئے،پارکس، واٹر سپلائی، صفائی کا نظام اور اسٹریٹ لائٹس بھی ایم سی آئی کے حوالے ہوں گے۔