اسلام آباد، 23 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی کابینہ نے پانچ سالہ آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی کی منظوری دیدی ہے-نئی آٹو پالیسی کے تحت چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز جبکہ درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ پر ہر سال نظر ثانی اور گاڑیوں کا برآمدی ہدف مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے-
گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی برآمدات کے لیے ٹیکس مراعات کی تجویز دی گئی ہے -حکومت نے نئی آٹو پالیسی کے تحت ملک میں مسابقت بڑھانے،کارٹیلائزیشن روکنے اور گاڑیوں کے برآمدات بڑھانے کے اقدامات کئے ہیں-
نئی آٹو پالیسی کے تحت 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری دے دی گئی-وزارت صنعت و پیداوار نے نئی آٹو پالیسی کے تحت چھوٹی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی،مقامی طور پر تیار کردہ گاڑیوں پر ایکسائز ڈیوٹی اور چھوٹی گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس بھی ختم کرنے کی تجویزدی ہے۔ ٹیکس چھوٹ کا اطلاق چھوٹی درآمدی گاڑیوں پر بھی کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ پر ہر سال نظر ثانی کی تجویز دی گئی ہے-حکومت نےکار ساز کمپنیوں کو 2026 تک 10 فیصد برآمدات کا ہدف دینے کی تجویز دی گئی ہے-
اس کے علاوہ کار ساز کمپنیوں کیلئے آئندہ سال میں 2 فیصد- 2024 میں 4 فیصد- 2025 میں7فیصد اور 2026 میں 10 فیصد گاڑیاں برآمد کرنے کا ہدف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے – آٹو پالیسی کے تحت گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں-وزارت تجارت کو بیرونی ممالک کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری دینے کی تجویز دی گئی ہے گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی برآمدات کے لیے ٹیکس مراعات کی تجویز دی گئی ہے۔











