چنیوٹ،24دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال افتخار کی زیر صدارت بین المذاہب ہم آہنگی/ امن کمیٹی کا اجلاس، اجلاس میں اراکین ضلعی امن کمیٹی، انجمن تاجران اور مسیح برادری کے نمائندگان بھی موجود تھے،اجلاس میں قائد اعظم ڈے اور کرسمس ڈے کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
ممبران نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر انکی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، قائد اعظم نے ہمیشہ اقلیتوں سے حسن سلوک اور انہیں تمام حقوق دینے پر زور دیا جس کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے ضلع میں امن، باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کہنا تھا کہ اسلام امن، سلامتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، انکا کہنا تھا کہ ہم امن کے داعی ہیں اور ہم دوسرے مذاہب کیلئے بھی امن و آشتی کا پیغام دیتے ہیں،اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو انسانیت کا درس دینا ہے،امن کمیٹی کے ممبران نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایااور اعادہ کیا کہ ضلع چنیوٹ میں تمام مکاتب فکر کے لوگ امن چاہتے ہیں اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر مسیحی برادری کے افراد نے تمام ممبران اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہقائد اعظم ڈے اور کرسمس ڈے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا،اس حوالہ سے ایک مفصل سیکورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے، کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر ملک پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
سورس: وی این ایس، چنیوٹ











