چنیوٹ : ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسداد ماحولیاتی کمیٹی برائے اینٹی سموگ کا جائزہ اجلاس

76

چنیوٹ، 17 دسمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید  کی  زیر صدارت انسداد ماحولیاتی کمیٹی برائے اینٹی سموگ کا جائزہ اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب  میں  ڈپٹی  کمشنر عاصم جاوید کا کہنا تھا  کہ انسداد سموگ کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کوممکنہ سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے ضلع بھر میں انسدادی اقدامات جاری ہیں۔ ضلع بھر میں سموگ سے بچاؤکے حوالہ سے آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ ممکنہ سموگ کی صورتحال سے احسن انداز میں نپٹا جاسکے۔

ڈپٹی  کمشنر عاصم جاوید نے کہا کہ سموگ کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے بھٹوں اور انڈسٹریز کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائیگاجبکہ دھواں چھوڑ کر ماحول کو آلودہ کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں۔انہوں نے  متعلقہ محکموں کے افسرا ن سے کہا کہ وہ سموگ سے بچاؤکیلئے احتیاطی تدابیر کے  بارے  میں کاشتکاروں کو تنبیہ کریں وہ سموگ کے اثرات کم کرنے کیلئے فصلوں کی باقیات، مڈھوں /پرالی کو آگ نہ لگائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

 ڈپٹی  کمشنر  نے دیگر متعلقہ محکموں کو تاکید کی کہ وہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں،کوڑا کرکٹ،پلاسٹک اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے اور ماحول کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف بھرپورایکشن جاری رکھیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات شمیم احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ  حکومت پنجاب کی جانب سے سموگ کی وجہ سے کوئی انڈسٹری، صنعتی یونٹس یا بھٹہ خشت کو بند کرنے کے احکامات جاری نہیں ہوئے اور تمام بھٹہ جات حکومت پنجاب کے قوانین و ضوابط اور زیگ زیگ پالیسی کو اپناتے ہوئے باقاعدگی سے چلتے رہیں گے اور یہ مہم بدستور جاری ہے جو صنعتی یونٹس دھواں پیدا کررہے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن  کوثر پروین، اسسٹنٹ کمشنر خرم شہزاد بھٹی،وقار اکبر چیمہ، وائس  چیئرمین اینٹی سموگ کمیٹی اقبال خان لاشاری،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات شمیم احمد، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے سمیت محکمہ زراعت، پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔