ہیلتھ انشورنس پروگرام 2025 تک نافذ العمل رہے گا؛ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی

15

لاہور،29دسمبر  (اے پی پی):حکومت پنجاب کی طرف سے ایک اور اہم سنگ میل عبور، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔حکومت پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان معاہدہ پر دستخط وزیراعظم پاکستان عمران خان کی موجودگی میں کئے گئے۔

 یہ بات سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتائی۔انہوں نے کہا ہے کہ   حکومت پنجاب کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشیٹیو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق نے معاہدہ پر دستخط کئے۔معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ 399 ارب روپے کا یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام 2025 تک نافذ العمل رہے گا اور یکم جنوری 2022 سے لاہور ڈویژن کے تمام مستقل رہائشی خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔بہترین و جدیدطبی  علاج کی فراہمی کے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے کہا کہ اس پروگرام سے استفادہ کے لئے شہری اپنے خاندان کے کوائف نادرا ریکارڈ میں ضرور درست کروائیں۔ قومی صحت کارڈ کے ذریعے شہری 10 لاکھ روپے سالانہ تک اپنا علاج منتخب شدہ ہسپتالوں میں کرواسکیں گے۔انہوں  نے کہا کہ شہری اس سلسلے میں ہر قسم کی معلومات ٹال فری نمبر 09009-0800 سے حاصل کر سکتے ہیں۔