یوم قائد پر پوری قوم کو پاکستان کو ایک متحرک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے عہد کی تجدید کرنا ہو گی؛ ڈی سی چنیوٹ

31

چنیوٹ، 25 دسمبر (اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کہا ہے کہ حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے یوم ولادت پر پوری قوم کو پاکستان کو ایک متحرک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے عہد کی تجدید کرنا ہو گی۔

 یہ بات ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے یوم قائد کے موقع پر قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ چنیوٹ میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔ طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام نے قائد اعظم کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔

 ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کا کہنا تھا  کہ قائد اعظم ؒ کے رہنما اصولوں پر چل کر ہی زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کی جا سکتی ہے، اساتذہ کرام طلباء و طالبات کو اصلاف کے کارناموں سے روشناس کرائیں، عصر حاضر کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک و قوم میں خدمت کا جذبہ بیدار کرنا ہو گا، قائد اعظم ؒ کی شخصیت کا ہر پہلو قابل تقلید ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ایمان،اتحاد اور نظم و ضبط کا درس قوم کو قائد اعظم ؒ نے دیا ہے، قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم کو ایک سال کا عرصہ ملا جس میں انہوں نے وطن عزیز کی تعمیر کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ قوم قائد اعظم کا احسان تا قیامت نہیں اتار سکتی جبکہ  قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی، انکی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدلا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے ہمیشہ اقلیتوں سے حسن سلوک اور انہیں تمام حقوق دینے پر زور دیا جس کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

سی او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان نے بھی خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم ؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی۔

تقریب  کے اختتام پر  سکولوں کی طالبات نے قومی ترانہ پیش کیا جس کے احترام میں تقریب میں موجود تمام کھڑے ہو گئے اور طلبات کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پڑھا۔

تقریب میں ڈی او سیکنڈری ڈاکٹر خادم حسین، پرنسپل مہر اشرف ہرل، اساتذہ کرام،طلباء و طالبات میڈیا نمائندگان و دیگر نے شرکت کی۔

سورس :  وی این ایس ، چنیوٹ