اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس 

23

اسلام آباد۔19جنوری  (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں  قومی اسمبلی کو بتایا گیاہے کہ داسوڈیم پردسمبر2021 کے اختتام تک 10.6 فیصدکام ہوچکا ہے۔ بدھ کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سید ابرارعلی شاہ کے سوال کے جواب میں وزارت آبی وسائل کی جانب سے ایوان کوتحریری طورآگاہ کیاگیاہے کہ داسوڈیم کے ڈائی ورژن ٹنلز، انڈرگراونڈپاورہاوس اورفلشنگ ٹنل پرکام جاری ہے، ایوان کوبتایا گیا کہ دسمبر2021 کے اختتام تک مجموعی حقیقی پیش رفت 10.6 فیصد ہے۔ ایوان کوبتایا گیاکہ منصوبہ کی مجموعی لاگت 510980.20 ملین روپے ہے جس میں سے ابھی تک 126834 ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے  جمعہ کی صبح ساڑھے 10بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن چوہدری ریاض الحق نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کرائی، سپیکر نے گنتی کا حکم دیا ۔ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے پر قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی جمعہ کی صبح ساڑھے 10بجے تک ملتوی کر دی گئی ۔