امیریوں کو ملنے والی سہولیات اب غریبوں کو بھی مل رہی ہیں ، اسی وجہ سے عثمان بزدار کا گراف اوپر گیا ہے ؛ حسان خاور

39

لاہور، 26 جنوری  (اے پی پی ):معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان  کی  لیبر میں  79 فیصد مرد جبکہ 21 فیصد خواتین کام  کر  رہی  ہیں ، خواتین  کا  جی ڈی پی   میں   صرف  10 فیصد  حصہ   ہے،ٹرانسپیرنسی  انٹرنیشنل رپورٹ کرپشن  کے  عمومی تاثر   پر مبنی  ہے ، کرپشن  کر کے  جائیداد  بنانے    والے   سیاستدانوں  کی  وجہ سے  یہ   تاثر  ہے ،امیریوں  کو   ملنے  والی   سہولیات  اب  غریبوں  کو  بھی  مل  رہی  ہیں ، اسی  وجہ  سے  عثمان  بزدار  کا گراف  اوپر   گیا ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تنظیم پروان نساء کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سماجی اور گھریلو ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہی ہیں، یہ ہمارے معاشرے کا 21 فیصد طبقہ ہیں۔ حکومت سمیت بے شمار نجی ادارے اور تنظیمیں پاکستانی خواتین کو کاروباری صلاحیت کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

 حسان خاور نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ خواتین کو تربیتی ورکشاپس، سرپرستی اور کاروباری انکیوبیشن کے ذریعے کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں  نے کہا کہ صرف 2021 میں پاکستانی کاروباری افراد نے 350 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی  تاہم اس میں صرف 1.1 فیصد حصہ خواتین کا تھا، اس تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا اور یہی مقصد پروان نساء جیسے ادارے حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کی نویں سب سے بڑی افرادی قوت ہے لیکن اس میں سے صرف 21 فیصد خواتین ہیں،خواتین پر مشتمل اس افرادی قوت کا جی ڈی پی میں حصہ صرف دس فیصد ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ہمیں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنی ہے تا کہ وہ نہ صرف کاروباری ایڈونچرز میں شامل ہوں بلکہ معاشی اور سماجی طور پر بھی مضبوط اور بااختیار ہوں۔

 حسان خاور نے   کہا کہ پاکستان کو دنیا کی مضبوط ترین معیشتوں میں شامل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی خواتین کو موثر معاشی شراکت داروں میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا یہ واحد طویل مدتی اور پائیدار حل ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ پروان نساء جیسے اقدامات نہ صرف معاشی طور پر ہماری خواتین کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں بلکہ ان کی عزت نفس کو بڑھانے میں بھی ان کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وویمن انٹرپرینیورشپ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا کہ اچھی خبریں یہ ہیں کہ ہم جانتے ہیں دنیا کہاں جا رہی ہے اور ہماری خواتین بہت ٹیلنٹڈ ہیں، ہمارے خاندانی نظام میں رہتے ہوئے کاروبار کرنا خواتین کے عزم و ہمت کا ثبوت ہے، یہ خواتین زندہ مثالیں ہیں، جو دکھا رہی ہیں کہ کچھ بھی ناممکن نہیں، آنے والی دہائی پاکستان میں خواتین اور بالخصوص کاروباری خواتین کی ہے۔ انہوں  نے  کہا کہ حکومت پر امید ہے کہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔