اوکاڑہ،11جنوری)اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فار قلیط نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہمارے دین کی بنیادی تعلیم ہے اور ہمارے آقا نبی کریم ﷺ نےحقوق العبادکی تلقین ونصیحت فرمائی ہے۔ ہمیں معاشرہ کے محروم معیشت لوگوں کی مدد کے لئے اقدامات کرنا ہیں پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں اوکاڑہ میں دیوار احساس بنائی جا رہی ہے جہاں پر مخیر حضرات،غیر سرکاری تنظیموں اورتاجروں کے تعاون سے ضرورت مند لوگوں کےلئے گرم کپڑے، جوتے،چادریں،بستر،کمبل ورضائیاں فراہم کئے جائیں گے اور ضرورت مند افراد اپنی ضرور ت کے مطابق مفت یہ سامان وہاں سے حاصل کر سکیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیواراحساس کےبنائےجانےکے سلسلہ میں اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر راشدنعمت کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشیاق احمد خاں،مینجرصنعت زار ذوالفقار علی ناز، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری پرائس ویٹس اینڈمیئرزخالد جاوید بھٹی،تاجر تنظیموں کے نمائندوں،غیر سرکاری تنظیموں کے عہدیداران اورمخیرحضرات سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور دیوار احساس بنائے جانے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشیاق احمد خاں نےاجلاس کو بتایا کہ گرلز کالج روڈ پر واقع پناہ گاہ کے ساتھ دیوار احساس بنادی گئی ہے اس کار خیر کو جاری رکھنے اور اس کے انتظامات کے سلسلہ میں ضلعی محکمہ سوشل ویلفیئر خدمات سر انجام دے گا۔











