بورے والا ،یکم جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری کی زیر صدارت ہفتہ کو یہاں اراضی ریکارڈ سنٹر بوریوالا میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ریونیو عوامی خدمت سروسز میں انتقالات، ڈومیسائل کا اجراء، انکم سرٹیفکیٹ، فرد ملکیت کا حصول اور دیگر ریونیو سے متعلقہ مسائل کو سن کر حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔
اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق ریونیو عوامی خدمت سروسز کے ذریعے لوگوں کے مسائل کو ترجیح بنیاد وں پرحل کیا جا رہا ہے، ریونیو عوامی خدمت سروسز کے ذریعے لوگوں کے مسائل کا بروقت ازالہ کیا جاتا ہے جس سے عوام کو مسائل کے حل کے حوالے سے بھر پور ریلیف مل رہا ہے جبکہ مسائل حل ہونے سے لوگوں کا اداروں پر اعتماد بحال ہوا ہے ۔
ڈپٹی کمشنرمحمد خضر افضال چوہدری نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر پر انتقالات اور دیگر امور میں کسی قسم کی رشوت یا مقررہ فیس سے زائد رقوم کی وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، رشوت طلب کرنے یا زائد فیس وصول کرنے والوں کی نشاندہی کریں ہم فوری ایکشن لیں گے۔ اس نظام کو شفاف اور آسان بنانا حکومتی ویژن ہے جسکے لئے کوئی غفلت یا تاخیری حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔
اس موقع پر اے سی بوریوالا بلاول علی، تحصیلدار شاہد نواب اور دیگر ریونیو سٹاف بھی موجود تھا۔
سورس : وی این ایس ، بورے والا











