جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی ؛وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار

38

لاہور، 28 جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے، جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی۔

ان خیالات  کا اظہار   وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔اجلاس میں  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی اموراوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔  شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں اور مختلف آپشنز پر تفصیلی غورکیاگیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی،تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی،مشاورت کے ساتھ پارٹی سے مخلص اورمضبوط امیدواروں کا چناؤ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت،میاں محمود الرشید اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیار اور صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔