جوھر آباد، 02 جنوری (اے پی پی ): خوشاب پولیس نے ڈکیتی کے دوران اغواء کئے گئے چودہ ماہ کے بچے جمیل کو اٹک سے بازیاب کرالیا ہے ۔
31 دسمبر کی رات جوھراباد کے نواحی گاؤں میں ڈکیتی کے دوران ڈاکو لاکھوں روپے کے زیورات، نقدی کے ساتھ اس کا چودہ ماہ کا بیٹا جمیل جو چار بہنون کا واحد بھائی ہے کو بھی اغوا کرکے ساتھ لے گئے تھے ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈکیتی کی اس سنگین واردات کا نوٹس لیا اور پولیس کو بچے کی فوری طور پر زندہ سلامت برآمدگی کی ہدایت کی ۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی اور ار پی او سرگودھا رانا فیصل اس کی براہ راست نگرانی کر رھے تھے خوشاب پولیس نے بچے کی بازیابی کیلئے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دیں اور گزشتہ شام اٹک سے بچہ بازیاب کروا لیا اور2 ملزمان گرفتار کر لئے جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاہے۔
ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے بچے کے گھر میں پریس کانفرنس کے دوران بازیاب بچے کو والدین کے سپرد کیا۔انہوں نے بتا یا کہ ہڈالی سے ڈکیتی کے دوران بھاری تاوان کے لیے بچے کو ساتھ لے گئے تھے ،ہمارے لیے بچے کی زندہ سلامت برآمدگی ایک چیلنج تھی، جس میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیابی دی۔
بچے کی والدہ نےڈھیروں دعاؤں کے ساتھ ڈی پی او خوشاب کا شکریہ اداکیا اوراہل علاقہ کی طرف سے خوشاب پولیس کی کارروائی پر انتہائی خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔
سورس؛وی این ایس، خوشاب











