ملتان،31 جنوری(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ملتان جاوید اکبر ریاض اور کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے سی پیک سمیت دیگر قومی اہمیت کے منصوبوں پر کام کرنے والے چائنیز انجینیئرز اور کارکنوں کے کیمپوں کی سیکیورٹی کے جائزہ کے لیے انڈسٹریل ایریا کیمپ، بہادر پور اور چدھڑ کیمپ کا دورہ کیا،سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر بھی ہمراہ تھے۔ریجنل پولیس آفیسر جاوید اکبر ریاض نے چائنیز انجینئرز کی سیکیورٹی پر مامور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کےافسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے حوالہ سے سوالات کئے انہوں نے حفاظتی مقاصد کے لیے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے کنٹرول روم کا بھی جائزہ لیا اور غیر ملکی انجینیئرز اور کارکنوں کی حفاظت پر مامور مستعد اور چوکس جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اورکہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت کے فروغ کا اہم سنگ میل ہے اس لیے سی پیک منصوبوں کی حفاظت اہم ترجیح ہے اس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا رہا،خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر دشمن کے مذموم مقاصد کی ناکامی کے لیے افسران اور جوان مزید چوکس ہو کر فرائض سرانجام دیں۔
بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر جاوید اکبر ریاض اور کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے تھانہ صدر ملتان کی زیر تعمیر نئی عمارت کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار اور کام کی رفتار سمیت زیر استعمال تعمیراتی سامان کا جائزہ لیا انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔











