مری،یکم جنوری (اے پی پی): ملکہء کوہسار مری میں نئے سال کا جشن بنانے کے لئے ملک بھر سے سیاحوں کا سیلاب امڈ آیا، جو موسم کیساتھ کیساتھ نئے سال کے جشن سے خوب محظوظ ہوئے۔ شام ڈھلتے ہی سیاحوں نے مال روڈ، جی پی او چوک، نگہت زار اور کشمیر پوائنٹ کا رخ کیا، مال روڈ پر تل دھرنے کے لئے جگہ نہیں تھی، سال نو پر میدانی علاقوں سے آنے والے سیاح رات بارہ بجے کا شدت سے انتظار کرتے دہے۔
انتظامیہ کیجانب سے سال نو کے جشن کے موقع پر فائرنگ، آتش بازی اور ہلڑ بازی پر مکمل پابندی عائد تھی اور کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے اور پابندی پر عمل درآمد کرانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جس میں خواتین پولیس بھی شامل تھی۔
سیاحوں کے ریکارڈ رش سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، اہم شاہراہوں لوئر ٹوپہ ،جھیکا گلی، سنی بنک، کلڈنہ اور مال روڈ کے درمیان روڈ پر لوگوں کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں، مری میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے وارڈن ٹریفک پولیس بڑی تعداد میں تعینات تھے جو رات گئے تک سیاحوں کے دوران گاڑیوں کو رواں رکھتے ہوئے اپنی زمہ داریاں پوری کرتے رہے۔
سورس: وی این ایس، مری











