میرپورخاص،09 جنوری ( اے پی پی): امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نورالہی مغل نے کہا ہے کہ سندھ کے کالے بلدیاتی قانون کو نہیں مانتے، لوکل گورنمنٹ اور منتخب بلدیاتی نمائندے جمہوریت کی نرسری کی مانند ہیں۔ پیپلزپارٹی کو جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے،پیپلزپارٹی گزشتہ چالیس سالوں سے سندھ کی حکمران جماعت ہے مگر صوبے میں غربت ناچ رہی ہے،صوبے کےشہر اور دیہات کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں، پیپلزپاڑٹی کے دور حکمرانی میں میرپورخاص جیسے ماضی کے خوبصورت ترین شہر کو ملک کا کا آلودہ ترین شہر ہونے کا اعزاز ملنا شرمناک ہے۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نورالہی مغل نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر سندھ میں بلدیاتی لوکل گورنمنٹ کے نام سے نافذ کالے قانون اور اسکے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے جاری دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مارکیٹ چوک پر منعقدہ بڑے عوامی احتجاج و ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے سے مفتی امام الدین لغاری محمد رفیق چوہان محمد عاصم شیخ ڈاکٹر دانش انڑ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء نے بلدیاتی کالے قانون نامنظور کی شدید نعرہ بازی کی۔مقررین نے مزید کہا کہ سندھ میں آج تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبے اپنی تباہ حالی اور بربادی کا نوحہ سنا رہے ہیں، پیپلزپاڑٹی نے سندھ کو کرپشن اور لوٹ مار کےسواء کچھ نہیں دیا ، عوام کے ٹیکس کی دولت کو لوٹ مار اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے، سندھ کے بلدیاتی قانون کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی اور شہر کے عوام کو اپنے حقوق کیلئے جاری کئی دنوں کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، کراچی سمیت پورا سندھ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے،آبادی کی اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، تعفن ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایوانوں سمیت ہر فورم پر قانونی اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی ، حکمران سن لیں کہ ظلم و ناانصافی کا دور ختم ہونے والا ہے۔پاکستان کے عوام جاگ گئے ہیں اب انھیں دھونس دھاندلی اور جھوٹے وعدوں سے مزید ٹرخایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں ڈلیور کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی، اب واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میدان میں ڈٹی اور کھڑی ہے اور ان شاء اللہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنا کر دم لیں گے۔
سورس:وی این ایس، میرپور خاص











