سکھر؛ پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 50 سے زائد مریضوں کے بغیر آپریشن دل کے سوراخ بند کرنے کے کامیاب آپریشن

54

سکھر،07جنوری(اے پی پی) : پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے شعبہ اطفال کے امراض قلب میں 50 سے زائد مریضوں کے بغیر آپریشن دل میں سوراخ بند کرنے کے کامیاب آپریشن ہونے کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب سے ڈائریکٹر گمس، ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی، ڈاکٹر نریش کمار، ڈاکٹر ہریش چند، ڈاکٹر اقبال حسین پٹھان نے خطاب میں کہا کہ آج ایک خوشی کا دن ہے کہ پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال کے شعبہ اطفال کے امراض قلب میں بغیر آپریشن پچاس سے زائد دل میں سوراخ والے مریضوں کے کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں جن میں دل کے سوراخ کا سب سے چھوٹا مریض ڈھائی سالا بچہ اور سب سے بڑا مریض پچپن سال کی خاتون تھیں، سب مریض ایک صحتمند زندگی گزار رہے ہیں۔ تمام طریقہ کار میں سے نو آپریشن ایسے بھی تھے جن کا آپریشن پاکستان میں سے صرف گمبٹ میں ممکن تھا۔

 ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ دل میں سوراخ کو بند کرنے کی بیماری خصوصاً معصوم بچوں میں ہوتی ہے اور ماضی میں اس آپریشن کی سہولت پاکستان میں میسر نہیں تھی اور اس پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے تھے اب وہی آپریشن گمس ہسپتال میں مفت اور خاص طور پر غریب بچوں کے لیے یہ آپریشن کسی سفارش کے بغیر حکومت سندھ کے تعاون سے کیا جاتا ہے۔

ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کا کہنا تھا کہ گمبٹ ہسپتال کا آغاز اس چھوٹی ڈسپنسری سے ہوا تھا اور پتا بھی نہیں چلا کہ وہ دو کمروں پر مشتمل ڈسپنسری دنیا کا بہترین ادارہ ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور دل وارڈ کے اسٹاف کو شیلڈ پیش کیے گئے۔