مری، 26 جنوری (اے پی پی ): سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے مری کا دورہ کیا اور ٹول پلازہ، لوئر ٹوپہ، جھیکا گلی، کلڈنہ، باڑیاں کے علاقوں میں ٹریفک صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایس پی صدر، اے ایس پی مری، ڈی ایس پی ٹریفک نے سی پی او کو سیاحوں کی سہولت و تحفظ اور ٹریفک کی روانی کے متعلق بریفنگ دی۔ سی پی او نے سیاحوں کے تحفظ اور سہولت اور ٹریفک کی ہمہ وقت روانی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
سی پی او راولپنڈی عمر سعید نے کہا کہ مری آنے والے سیاحوں کی سہولت کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لایاجا رہا ہے، ٹول پلازہ اور تمام داخلی راستوں پرسیاحوں کو ایڈوائزری پمفلٹ لازماً تقسیم کیے جائیں۔
سی پی اوعمرسعید ملک نے مری میں قائم کنٹرول روم کے انتظاما ت کا جائز ہ لیا، تمام محکموں کے نمائندگان کو کوارڈینیشن سے سیاحوں کی سہولت کو یقینی بنانے کی ہدایات کی ۔انہوں نے ا مری مال روڈ کا دورہ بھی کیا اورسیاحوں سے بات چیت کی اور سیاحوں سے مسائل دریافت کئے، اشیاء خورونوش و اشیاۓ ضروریہ کے نرخوں کے بارے میں دریافت کیا۔
سی پی او عمر سعید ملک نے مری میں سیاحوں کو محفوظ و پر سہولت ماحول کی فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ سیاح ہمارے مہمان ہیں ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔سیاحوں نے موثر ٹریفک و دیگر انتظامات پر سی پی او کا شکریہ ادا کیا۔











