صوبے میں 18ماہ سے پولیو کیس کا رپورٹ نہ ہونا ایک خوش آئند امر ہے، پولیو مہمات میں تسلسل کی بدولت پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے،چیف سیکر ٹری خیبر پختونخوا

29

مری، 11 جنوری(اے پی پی): چیف سیکر ٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزادخان بنگش نے کہا کہ صوبے میں 18ماہ سے پولیو کیس کا رپورٹ نہ ہونا ایک خوش آئند امر ہے جواس بات کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ پولیو مہمات میں تسلسل کی بدولت پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے،  اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے تاکہ جلد از جلد پولیو وائرس کا خاتمہ ممکن ہو۔ ان خیالات کا اظہار  چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اپنے زیرِ صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کےاجلاس میں کیا۔

 اس موقع پر سیکرٹری محکمہ صحت طاہر اورکزئی، سیکرٹری محکمہ داخلہ، سیکرٹری انفارمیشن، سیکرٹری ایجوکیشن، ڈی جی ہیلتھ سروسز، تمام ڈویژنل کمشنرز، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخواکے کوآرڈینیٹرعبدالباسط، یونیسیف کے نمائندےاور نیشنل ای-او-سی کے حکام نے بھی شرکت کی۔

 ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے 6 اضلاع میں خصوصی انسدادپولیو مہم 17 جنوری سے شروع ہورہی ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 10لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،مہم کے دوران 5ہزار سے زائد ٹیمیں اپنی خدمات سرانجا م دینگی جس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔انسدادپولیو مہم بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں چلائی جائے گی۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزادخان بنگش نے کہا کہ گزشتہ سال صوبہ بھر میں انسدادپولیو مہمات مؤثرانداز میں چلائی گئی ہیں جس کی وجہ سے پولیو کیسز کا خاتمہ ہوا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، پولیو ورکرز اور پولیس جوانوں نے بھر پور کردار اداکیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے امید ظاہر کی کہ اس سال ضلعی انتظامیہ اور پولیو ورکرز کی انتھک محنت سے انکاری والدین کی شرح میں مزید کمی کی کاوشوں کو یقینی بنایا جائے گا اور کہا کہ خطے میں پولیو وائرس کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

 چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ناگزیر ہے جس میں کوئی غفلت اورکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صوبے میں شروع ہونے والی پولیو مہم کی نگرانی خود کریں گے اور کہا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اس لئے اس وائرس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے انسدادپولیو مہمات ہر صورت میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ جلد ازجلد پولیو وائرس سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے،صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پولیو خاتمہ کے لئے احتساب اورجوابدہی کا ایک مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے جس کے تحت فیک فنگرمارکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی،انسداد پولیو کی راہ میں حائل تمام تر مشکلات اور چیلینجز کے باوجود حکومت خیبر پختونخوا اس کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔

اس موقع پر پولیس حکام نے اجلاس کو بتایاکہ پولیو مہمات کی کامیابی کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے اوران مہمات کو کا میاب بنانے کے لئے ہرممکن امداد فراہم کریں گے۔