لاہور، 8جنوری (اے پی پی): چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ طلباء کو پاکستان کے بہتر اور نتیجہ خیز شہری بنانے کیلئے مطلوبہ تعلیم فراہم کرنے اور صلاحیتوں کو فروغ دینے میں یونیورسٹیوں کا کردار بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ آج یونیورسٹیوں کو ملٹی نیشنل کارپوریشنز، پبلک ، پرائیویٹ سیکٹرز اور ریسرچ پر مبنی اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک نیٹ ورکنگ کو بڑھانے کی ضرورت ہے، مشترکہ باہمی تعاون کا مقصد طلباء کی اہم ضروریات کا تعین اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ زندگی میں علم مہیا کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی دوسری کانووکیشن تقریب سے خطاب میں کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے گریجویشن کرنے والے طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور طلباء کی آئندہ پیشہ وارانہ طور پر کامیاب زندگی گزارنے میں غیر معمولی علمی مہارت مہیا کرنے پر بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے شروع کی گئی کاوشیں تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے بہترین نتائج برآمد کریں گی اور بحریہ یونیورسٹی کو ملک کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہونے کے طور پر یقینی طور پر برتری فراہم کریں گی۔ انہوں نے بحریہ یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں میں طلباء کی کثیر تعداد کو فارغ التحصیل ہوتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) کلیم شوکت نے کانووکیشن میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے طلباء کے لیے سازگار تعلیمی ماحول، جدید ترین لیبز اور اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی فراہم کرنے کے لیے بحریہ یونیورسٹی کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور یہ بھی بتایا کے مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے، بحریہ یونیورسٹی مختلف نئے اقدامات کے ساتھ اپنے جاری پروگراموں کے نصاب کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
وائس ایڈمرل (ر) کلیم شوکت نے مزید کہا کہ اقوام کی معاشی ترقی میں یونیورسٹیوں کا کردار زیادہ اہم ہوتا ہےبحریہ یونیورسٹی اس پہلو پر پوری توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اس کا مقصد ایسے معیاری گریجویٹس تیار کرنا ہے جو ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔
ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے تقریر کے دوران سامعین کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران لاہور کیمپس کی تعمیر کے لیے حکومتی منظوری دے دی گئی ہے یہ اعلیٰ درجے کی تعلیم کے لیے تمام سہولیات سے آراستہ کیمپس ہوگا۔
چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ پروگرامز کے فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریاں بھی دیں۔ مجموعی طور پر مینجمنٹ سائنسز اور کمپیوٹر سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو 632 ڈگریاں دی گئیں مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ سے مجموعی طور پر 13 اور شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے 10 گریجویٹس نے گولڈ میڈل حاصل کئے جبکہ 19 سلور میڈل بھی متعلقہ پروگراموں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو دئیے گئے۔
تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، یونیورسٹی کے عہدیداران،کاروباری شخصیات اور فارغ التحصیل طلباء کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی تقریب کے اختتام پر، چیف آف نیول اسٹاف نے طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے خوشحال مستقبل کی خواہش کا اظہار کیا اور شاندار کارکردگی پر میڈلز سے نوازے گئے طلباء کو بھی سراہا۔
سورس:وی این ایس، لاہور











