ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ  کی  چینی کی قیمتوں کے حوالے سے سخت کریک ڈاؤن کی ہدایات  

12

لاہور، 8جنوری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے  کہ چینی کی فروخت کو 90 روپے فی کلوگرام کے حساب سے یقینی بنایا جائے اور اوورچارجنگ پر سخت کارروائیاں کیے جائیں، بھاری جرمانے بھی عائد کئے جائیں ،منافع خوروں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔

ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ سے  مختلف مارکیٹس کے تاجران  نے  ہفتہ  کو یہاں  ڈی سی آفس   میں ملاقات  کی  جس میں مصری شاہ، لنڈا بازار، فیروز پور روڈ، انار کلی کے تاجران شامل تھے۔ ملاقات میں  تجاوزات، صفائی ستھرائی ، سیوریج کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے ملکر چلنے کا یقین دلایا گیا۔

جیولرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کی درخواست پر اسلحہ لائسنس کے حوالے سے ان کا کیس ڈی سی نے سیکرٹری ہوم کو ارسال کرنے کا یقین دلایا، انار کلی میں محکمہ اوقاف کا خالی پلاٹ پر پارکنگ بنانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو ڈائریکٹر اوقاف سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ۔ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے بڑے لیول پر آئندہ ہفتے بدھ کے روز ایم سی ایل آفس میں اہم اجلاس بھی طلب کر لیا۔

سورس؛وی این ایس، لاہور