ملتان؛ ڈویژنل انتظامیہ کا کورونا وباء کی نئی قسم کے پیش نظر ویکسینیشن مہم تیز کرنے کا فیصلہ

41

ملتان، 12 جنوری(اے پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ کیجانب سے کورونا وبا کی نئی قسم کے پیش نظر ویکسینیشن مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشںر ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ویکسینیشن بارے جائزہ اجلاس ہوا ۔ مقررہ عمر کے بچوں کو ویکسین نا لگوانے والے سکولوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ امیکرون کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر شہری بوسٹر ڈوز لگوائیں اور  30 سال سے زائد عمر کے افراد جن کی ویکسینیشن کو 6 ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے، بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولات زندگی سہل طریقے سے سرانجام دینے کیلئے ویکسین لگوائیں اور  ویکسین لگوا کر خود کو، خاندان کو، ملک کو اس وباء سے نجات دلائیں۔

 کمشنر نے شہریوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کیساتھ ویکسین لگوانے کی اپیل بھی کی اور ویکسین مہم میں بہترین کارکردگی پر لودھراں انتظامیہ کو  شاباش دی۔

 ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا این سی او سی کی جانب سے ویکسین اہداف پورے کرنے پر لودھراں کی پذیرائی قابل تحسین ہے ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، سی اوز ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں ویکسین آپکی دہلیزمہم2 میں 2973298 افراد کو ویکسینیشن لگائی گئی ہیں اور  ڈویژن میں کورونا ویکسین کے اہداف ٹارگٹ سے بڑھ کر حاصل کئے گئے ہیں۔