پنجاب میں سیاحت کے نئے دور کا آغاز،معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور کا مری میں نئے سیاحتی مقامات اور منصوبوں کا جائزہ

69

لاہور، 25جنوری(اے پی پ):موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے مسلسل کوشاں ہے اور سانحۂ مری کے بعد خصوصاً نئے سیاحتی مقامات کی تلاش اور منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔

 اس حوالے سے  ترجمان پنجاب حکومت اور مشیر وزیر اعلی پنجاب حسان خاورنے بتایا کہ محکمہ سیاحت پنجاب ٹوارزم میں جدید اور پرکشش اضافے کرنے جا رہی ہے ، مری سے ملحقہ علاقوں میں سیاحتی سہولیات بڑھانے کے لئے بھی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، بانسرہ گلی مری میں نصب چار ایگلوز لوگوں کو ایک نیا پکنک پوائنٹ مہیا کر رہے ہیں۔

 ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ گلاس ایگلوز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا گیا ہے،ایگلوز کی سروسز کے معیار کو سیاحوں کے لیے بہترین بنایا گیا ہے علاوہ ازیں اسی طرز کے ایگلوز شمالی پنجاب میں مزید بھی لگائے جائیں گے،سیاحوں کو جدید سہولیات دینے کے لیے محکمہ سیاحت پنجاب مزید منصوبے بھی لا رہی ہے،بانسرہ گلی کے بعد درابی ڈیم چکوال،کوٹلی ستیاں مری میں ایگلوز نصب کیے جائیں گے اس طرح پنجاب میں سیاحت کے شعبے کی ترقی سے معاشی وسائل کے ساتھ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میں بھی یقینی اضافہ ہو گا۔