گھوٹکی؛اوباڑو پولیس کی کامیاب کارروائی دو دہشت گرد مقابلے میں ہلاک

38

گھوٹکی،23جنوری  (اے پی پی):    اوباڑو شہر میں لانگھو روڈ پر پولیس پارٹی ناکہ بندی پر معمور تھی کہ دو نامعلوم مشتبہ ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سواروں کو پولیس اہلکاروں نے روکنے کا اشارا کیا تو رکنے کے بجائے انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی اور گلیوں کی طرف بھاگ گئے، پولیس اہلکاروں نے ان کا تعاقب کیا اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، دہشت گردوں نے گولیاں ختم ہونے پر پولیس اہلکاروں پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، ایک ہینڈ گرنیڈ مس ہوگیا دوسرا  پولیس اہلکاروں کے  پیچھے جا گرا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور ایس ایس پی گھوٹکی اظہر مغل موقعے پر پہنچ گئے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی اظہر مغل نے بتایا کہ دہشت گردوں نے گولیاں ختم  ہونے پر خود  کو ہینڈ گرنیڈ سے اڑایا، ہمارے نوجوانوں نے جوان مردی سے مقابلہ کیا اور شہر کو ایک بڑی دہشت گردی سے بچا لیا۔واقعہ کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے پہنچ کر معائنہ کیا جبکہ رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچ  گئی جبکہ شہر میں خوف ہراس کی فضا چھا گئی ہے دوسری جانب اوباڑو سے منتخب رکن سندھ اسمبلی شہریار خان شر نے پہنچ کر جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔

سورس: وی این ایس، گھوٹکی